Aaj News

جمعرات, مئ 16, 2024  
07 Dhul-Qadah 1445  

سندھ: آئندہ مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

اپ ڈیٹ 17 جون 2020 07:50am
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ- فائل فوٹو

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ آئندہ مالی سال کے لئے بارہ کھرب تیس ارب روپے سے زائد کا صوبائی بجٹ آج پیش کریں گے۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر بجٹ میں صحت کے شعبے کو خاص ترجیح دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق سندھ کے بجٹ کا حجم بارہ کھرب تیس ارب روپے ہونے کا امکان ہے۔ بجٹ میں ترقیاتی پروگرام میں پچیس سے تیس فیصد کٹوتی کا امکان ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ  صوبے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی مد میں ایک سو ساٹھ  ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ اور سندھ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں پانچ فیصد اضافہ کئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق تعلیم کے لئے ایک سو نوے ارب روپے رکھے جانے کی تجویزہے۔ صحت کے شعبے کے لئے ایک سو دس ارب روپےغیرترقیاتی منصوبوں پر  جبکہ صحت کے ترقیاتی سیکٹر میں پچیس ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے

  صحت کے پینتالیس نئے منصوبوں کے لیے سترہ ارب ستر کروڑ روپے کا فنڈ مختص کرے گی۔

 آئندہ سال پانچ انفیکشن ڈزیز کنٹرول اسپتال حیدرآباد کھر،  لاڑکانہ،  بے نظیرآباد  اور میرپور خاص میں  قائم  کئے جائیں  گے۔

  دو سو بیڈز پر مشتمل فی اسپتال کے  لئے دس ارب مختص کرنے کی تجویز ہے جبکہ سول اسپتال کراچی میں گودام بنانے   اور سندھ کے ضلع گھوڑا باری میں تیس کروڑ روپے سے   ٹی ایچ کیو اسپتال تعمیر کرنے کی تجویز ہے۔

کراچی میں قائم سرکاری اسپتالوں کے لیے پچاس کروڑ روپے کی رقم مختص ہونے کا امکان ہے۔ جبکہ صوبائی محکموں کے اخراجات میں کمی کا امکان ہے۔غیرملکی دوروں پر اٹھنے والے اخراجات میں بھی تیس فیصد کمی متوقع ہے۔ زرعی شعبے کے لیے بجٹ میں مراعاتی پیکیج کی تجویز دی گئی ہے۔